پاکستانی سفیر عامر شوکت کی مصر کے نائب وزیر اعظم و وزیر برائے صحت و آبادی ڈاکٹر خالد عبدالغفار سے ملاقات، دونوں ممالک کے تاریخی دوطرفہ تعلقات ، مختلف شعبوں میں موجود تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات اور صحت کے شعبے میں اشتراکِ کار پر تبادلہ خیال

83

قاہرہ ۔8جولائی (اے پی پی):مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے مصر کے نائب وزیر اعظم و وزیر برائے صحت و آبادی ڈاکٹر خالد عبدالغفار سے ملاقات کی۔ مصر میں پاکستانی سفارتخانے کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور مصر کے تاریخی دوطرفہ تعلقات ، مختلف شعبوں میں موجود تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات اور صحت کے شعبے میں اشتراکِ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثناء مصر کی وزارت صحت و آبادی کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری بیان کے مطابق مصر کے نائب وزیراعظم و وزیر صحت نے نئے انتظامی دارالحکومت میں وزارت کے ہیڈکوارٹر میں پاکستانی سفیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔انہوں نے دوطرفہ تعاون اور مہارتوں کے تبادلے کے فروغ میں ان تعلقات کے مثبت کردار کو سراہا۔نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مصر صحت کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو فروغ دیا جا سکے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بات چیت کی گئی بالخصوص عوامی صحت کی تجاویز، بنیادی طبی نگہداشت، طبی تربیت کے میدان میں تعاون کے علاوہ ہیپاٹائٹس سی وائرس کے خاتمے کے سلسلے میں مصر کے تجربے کو پاکستان منتقل کرنے پر بھی بات ہوئی۔

مصر کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر حسام عبدالغفار نے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے اہداف کو سپورٹ کرنے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی گئی جن میں ابتدائی اسکریننگ اور کینسر کی اسکریننگ کے پروگرام شامل ہیں نیز متعدی امراض کے خلاف ویکسینیشن سسٹم میں مصر کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہم آہنگی پر بات ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر صحت نے پاکستانی میڈیکل وفود کی میزبانی اور ایک مصری میڈیکل وفد کو پاکستان بھیجنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ مصر کے عوامی صحت سے متعلق تجربات کو شیئر کیا جا سکے، حاصل ہونے والی کامیابیوں اور نتائج کا جائزہ لیا جا سکے۔

یہ اقدام دیگر ممالک کے ساتھ مہارت و علم کے تبادلے میں مدد دے گا اور صحت کے شعبے میں کامیاب مصری ماڈل کو نمایاں کرے گا۔ سفیر عامر شوکت نے مصری نظامِ صحت کی تعریف کی اور مصری طبی عملے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے وبائی امراض سے نمٹنے میں مصر کی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مصر کے ساتھ تعاون کے دائرہ کار کو خاص طور پر صحت کی دیکھ بھال، وبائی امراض سے نمٹنے اور نظامِ صحت کی بہتری کے شعبوں میں وسعت دینا چاہتا ہے۔

ملاقات میں وزارتِ صحت و آبادی کے پبلک ہیلتھ انیشیٹوز کے معاون وزیر ڈاکٹر محمد حسنی، شعبہ طبی پیشہ ورانہ ترقی کے سربراہ ڈاکٹر محمد عبد الفتاح، بیرونی صحت کے تعلقات کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سوزان الزناتی اور فارمیسی کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ہند عاشور نے بھی شرکت کی۔