پاکستانی سفیر فیصل ترمذی کا "سنرجی یونیورسٹی” دبئی کا دورہ، تعلیمی اشتراک کار کے مواقع پر تبادلہ خیال

377
Ambassador Faisal Tirmizi
Ambassador Faisal Tirmizi

ابوظہبی۔7اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پیر کو سنرجی یونیورسٹی دبئی کا دورہ کیا جس کا مقصد پاکستانی طلباء کے لیے یونیورسٹی کے پروگراموں سے مستفید ہونے کے مواقع تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں یونیورسٹی کی توسیع کے امکانات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران سفیر کونائب ڈائریکٹر برائے تعلیمی امور عظمیٰ سندھو اور پارٹنرشپ سپیشلسٹ فلپ موبیو نے ایک تفصیلی پریذنٹیشن دی جس میں یونیورسٹی کی تعلیمی پیشکشوں اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا خاکہ پیش کیا گیا۔

سفیر نے یونیورسٹی کی فیکلٹی، انتظامیہ اور طلبہ تنظیم کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ انہوں نے کلاس رومز کا دورہ کیا اور وہاں مختلف قومیتوں کے طلبہ سے بات چیت کی۔سفیر فیصل ترمذی نے موقع سے استفادہ کرتے ہوئے سنرجی یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے پاکستانی طلباء سے ملاقات کی، ان کے تجربات سنے اور انہیں اپنی تعلیم میں شاندار کارکردگی جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے یونیورسٹی کی بین الاقوامی فیکلٹی اور طلباء کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جس میں ملک کی متنوع ثقافت اور تعلیمی شراکت داری کے مواقع کو اجاگر کیا گیا۔اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں ایک باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے پر غور کیا جائے گا جس سے طویل مدتی شراکت داری کی راہ ہموار ہوگی۔

سفیر فیصل ترمذی نے کہا کہ ہم اپنے طلباء کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کے خواہاں ہیں اور پاکستان میں مواقع تلاش کرنے کے لیے سنرجی یونیورسٹی جیسے معاون اداروں کو تعاون فراہم کرنا چاہتے ہیں۔یونیورسٹی کے شعبہ معاشیات کے پروفیسر ظفر معین ناصر، ، ہیڈ آف ایجنٹس اینڈ سکولز آئوٹ ریچ مس چیرل فلاویئر، ،کیریئر اینڈ پروجیکٹ ڈویلپمنٹ منیجر فیصل غنی اورآپریشنز منیجروقار احمد بھی یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں موجود تھے۔