28.2 C
Islamabad
پیر, اپریل 7, 2025
ہومقومی خبریںپاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مڈل ایسٹ انرجی 2025 کے 49ویں...

پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مڈل ایسٹ انرجی 2025 کے 49ویں ایڈیشن میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کر دیا

- Advertisement -

دبئی۔7اپریل (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ نمائش مڈل ایسٹ انرجی 2025 کے 49ویں ایڈیشن میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔ یہ ایونٹ خطے کی سب سے بڑی توانائی کی نمائش کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے جس میں40,000 سے زائد انرجی پروفیشنلز اور 1,600 بین الاقوامی نمائندگان اکٹھے ہوتے ہیں۔7 سے 9 اپریل 2025 تک منعقد ہونے والی نمائش میں پاکستان پویلین کی افتتاحی تقریب میں قونصل جنرل حسین محمد، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان اور چیئرمین پاکستان بزنس کونسل دبئی شبیر مرچنٹ کے ساتھ ساتھ پاکستانی نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے تحت پاکستان پویلین میں 8 معروف پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں جو توانائی کے پانچ اہم شعبوں میں جدت پیش کر رہی ہیں۔ ان میں سمارٹ حل ، صاف اور قابل تجدید توانائی، بیک اپ جنریٹرز اور کرٹیکل پاور، ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن، اور انرجی کنسمپشن اینڈ مینجمنٹ شامل ہیں۔

- Advertisement -

سفیر فیصل ترمذی نے عالمی توانائی مارکیٹ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی فخر کی بات ہے کہ ٹی ڈی اے پی کے پلیٹ فارم کے تحت آٹھ متحرک پاکستانی کمپنیاں اس ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں، ہمارا پویلین عالمی خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے جس میں سمارٹ انرجی حل، قابل تجدید ٹیکنالوجیز اور پاور انفراسٹرکچر پر خاص توجہ دی گئی ہے، پاکستانی مصنوعات میں بڑھتی ہوئی دلچسپی ہمارے ملک کی توانائی کے شعبے میں ایک مسابقتی کھلاڑی کے طور پر صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے خاص طور پر مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) خطے میں پاکستان کی برآمداتی نمو پر روشنی ڈالتے ہوئے متحدہ عرب امارات کو پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مڈل ایسٹ انرجی پاکستانی کاروباروں کو علم کے تبادلے، شراکت داریوں کو مضبوط بنانے اور عالمی صنعت کے رہنماؤں کے ساتھ نئے تعاون کے راستوں کو تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، یہ پلیٹ فارم بین الاقوامی توانائی مارکیٹ میں پاکستان کی موجودگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579215

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں