دبئی۔22مئی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (پی اے ڈی) کی ایک یادگار تقریب میں شرکت کی جس میں انسانی ہاتھوں کے نقش (ہینڈ پرنٹس) سے تخلیق کردہ دنیا کے سب سے بڑے متحدہ عرب امارات کے پرچم کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بننے کا باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا۔ سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس پرچم میں 24,514 انفرادی ہینڈ پرنٹس شامل ہیں جو دنیا کے 100 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے نقش کیے اور یہ منفرد پرچم یو اے ای کے تنوع اور اتحاد کی علامت کا غماز ہے۔
پرچم کی تقریب رونمائی جمعرات کو پی اے ڈی میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانی اور اماراتی برادری کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ ریکارڈ بنانے کی مہم پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، ایمریٹس لوز پاکستان اور آرٹسٹ رباب زہرہ کے اشتراک سے کی گئی جنہوں نے اس منفرد تخلیقی منصوبے کا تصور پیش کیا۔ یہ مہم 13 اپریل کو دبئی کے علاقے القوز میں شروع ہوئی اور ایک ماہ میں مکمل کی گئی۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پی اے ڈی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام کی قیادت میں کی گئی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ صرف انسانی ہاتھوں کے ہی نہیں بلکہ دلوں کے نقوش ہیں جو متنوع برادری کی محبت، اتحاد اور لگن کا اظہار ہیں۔ یہ اقدام نہایت خوبصورتی سے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے وژن کے مطابق ہے اور پاکستان و یو اے ای کے درمیان گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے پاکستانی مصنف خان زمان کی طرف سے حال ہی میں شیخ زید بن سلطان النہیان بانی امارات کی زندگی اور ورثہ پر شائع ہونے والی کتاب کا ذکر کرتے ہوئے ثقافتی اور تاریخی رشتوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔اپنے خطاب میں سفیر فیصل ترمذی نے گزشتہ برس 14 اگست کو ایمریٹس لوز پاکستان اور پی اے ڈی کے تعاون سے منائے گئے یوم آزادی پاکستان کے عظیم الشان پروگرام کی بھی تعریف کی اور تمام متعلقہ اداروں سے کہا کہ اس سال ایک اور بھی شاندار تقریب کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔پی اے ڈی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے تمام شراکت داروں، رضاکاروں اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریکارڈ ساز کوشش ہماری کمیونٹی کی یکجہتی و تعاون کے جذبے اور ”کمیونٹی کے سال 2025” کی روح کا عکاس ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600307