دبئی ۔7جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے یو اے ای کے نائب وزیر مسابقت و تبادلہ تجربات برائے کابینہ امور عبداللہ ناصر لوطہ سے دبئی میں ملاقات کی ہے۔ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لئے باہمی رابطوں کے فروغ کے حوالہ سے دو طرفہ رابطوں میں اضافہ کے اقدامات پر نائب وزیر سے اظہار تشکر کیا۔
ابو ظہبی سے پیر کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے جامع ترقی اور ہم آہنگی کے ماڈل کو فروغ دینے پر متحدہ عرب امارات کی دور اندیش قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جو دنیا بھر کے لوگوں بشمول بڑے اور متحرک پاکستانیوں کو مواقع فراہم کرتا ہے۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے پاکستان کے سینئر حکام پر مشتمل وفد کی میزبانی کو بھی سراہا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ اور ریلوے اور وزیر اعظم کے ڈیلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی کی سربراہی میں پاکستانی وفد متحدہ عرب امارات کی مختلف وزارتوں اور حکام کے ساتھ 8 اور 9 جولائی کو باہمی تجربہ کے تبادلے کے پروگرام میں شرکت کر رہا ہے جس میں گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی میں جدت پر توجہ دی جائے گی۔ملاقات کے دوران عبداللہ ناصر لوطہ نے یو اے ای کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون اور بالخصوص گورننس، پبلک سیکٹر میں مسابقت اور جدت طرازی میں تعاون کے تسلسل کے علاوہ مختلف شعبوں میں پاکستان کی نمایاں صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے مکمل تعاون کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔
انہوں نے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کی اہمیت کو اجاگر تاکہ دونوں ممالک کو فائدہ ہو۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی ٹیکس محصولات کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے کامیاب ٹیکس آٹومیشن سسٹمز سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ علم اور تجربے کے تبادلے کے لیے اس موقع سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔