پاکستانی سفیر کی ٹیکساس میں پاکستانی نژاد امریکی خاتون ڈاکٹر کے قتل کی مذمت ، فوری تحقیقات پر زور

97
Masood Khan

واشنگٹن۔31اکتوبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے ٹیکساس میں پاکستانی نژاد امریکی خاتون ڈاکٹر طلعت جہاں خان کے قتل کی مذمت کی ہے اور قتل کی فوری تحقیقات پر زور دیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ ہیوسٹن کے شہر کونروئے میں پاکستانی ڈاکٹر کا قتل صدمہ انگیز اور انسانیت سوز واقعہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قتل کی فوری تحقیقات سے مرحوم کو انصاف ملے گا۔

پاکستانی سفیر نے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طلعت جہاں خان صحت کے شعبے سے منسلک پیشہ ور اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی اہم رکن تھیں۔ انہوں نے ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکا (اے پی پی این اے)کے صدر ڈاکٹر ارشد ریحان سے بھی ڈاکٹر طلعت جہاں خان کی موت پر اظہار افسوس کیا۔ پاکستانی سفیر نے غمزدہ خاندان کے نام اپنے ذاتی پیغامات میں واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے اور ہیوسٹن میں قونصلیٹ کی جانب سے مرحوم کی آخری رسومات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل کل نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔پولیس کے مطابق امریکا میں 52 سالہ پاکستانی نژاد ڈاکٹر طلعت جہاں کو ہفتے کی دوپہر کو ہیوسٹن میں نامعلوم وجوہ کی بنیاد پر چاقو سے حملہ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے 24سالہ ملزم سفید فام مائلز جوزف فرِیڈ رچ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مسلمانوں کی وکالت کرنے والے گروپ اور نفرت انگیزی کے خلاف کام کرنے والی تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے ہیوسٹن دفتر نے پولیس سے قتل کے مقدمے کی باریک بینی سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دفتر نے کہا کہ ہمیں اس وقت یقین نہیں ہے کہ آیا یہ نفرت انگیز جرم تھا۔ تاہم انتہائی افسوس ناک حالات کے پیش نظر ہم تحقیقات پر بہت گہری توجہ دے رہے ہیں۔