پاکستانی سٹارٹ اپس کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن آئندہ پانچ سال کے دوران 6 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گی، رپورٹ

80

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):پاکستانی سٹارٹ اپس کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن آئندہ پانچ سال کے دوران 6 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گی۔ انویسٹ 2 انوویٹ کی رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک کے کل سٹارٹ اپس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 1.5 تا 2 ارب ڈالر کے درمیان ہے جبکہ آئندہ پانچ سال میں 6 ارب ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے۔ مزید برآں 2030 تک قومی سٹارٹ اپس کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 30 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2021 کے دوران پاکستانی سٹارٹ اپس کے حوالہ سے بہترین سال رہا ہے اور دوران 83 مختلف معاہدوں کے تحت 350 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ 2020 کے مقابلہ میں 2021 کے دوران پاکستانی سٹارٹ اپس میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں 355 فیصد اور معاہدوں میں 63 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے پالیسی اقدامات اور کووڈ۔ 19 کی عالمی وبا کے نتیجہ میں پاکستانی سٹارٹ اپس میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔