14.4 C
Islamabad
ہفتہ, فروری 22, 2025
ہومقومی خبریںپاکستانی طالب علموں کی ہارورڈ ماڈل اقوام متحدہ دبئی 2025 ءمیں شرکت

پاکستانی طالب علموں کی ہارورڈ ماڈل اقوام متحدہ دبئی 2025 ءمیں شرکت

- Advertisement -

دبئی۔14جنوری (اے پی پی): ہارورڈ یونیورسٹی کی بین الاقوامی تعلقات کونسل نے ورلڈ ویو ایجوکیشن کے تعاون سے 11 سے 13 جنوری تک مقامی ہوٹل میں ہارورڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز دبئی 2025 کا انعقاد کیا جس میں 48 ممالک کے 73 اداروں کی نمائندگی کرنے والے ایک ہزار سے زائد طالب علموں نے شرکت کی۔ منگل کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس کانفرنس میں پاکستان کے مختلف اداروں کے کل 87 مندوبین نے شرکت کی۔ سی اے ایس اسکول کراچی، لرننگ الائنس لاہور، کیڈٹ کالج حسن ابدال، لاہور گرامر اسکول اور روٹس انٹرنیشنل کے طالب علموں نے ایونٹ میں حصہ لیا۔

- Advertisement -

پاکستانی طلباء نے کانفرنس کی سب سے بڑی مباحثہ کمیٹیوں میں ایوارڈز اور بہترین سمال ڈیلیگیشن ایوارڈ حاصل کیا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستانی ٹیموں کی حوصلہ افزائی اور حمایت کی۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کانفرنس سنٹر کا دورہ کیا، انہوں نے پاکستان اور دیگر شریک ممالک کے مندوبین سے ملاقات کی۔ پاکستانی مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں معتدل سفارت کاری اور تعلیم کے کردار پر زور دیا۔

انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ مثبت تبدیلی کا محرک بنیں، جدت طرازی اور شمولیت کی اقدار کو اپنائیں۔ ہارورڈ آئی آر سی کی ٹیم نے سفیر ترمذی کو سووینئر پیش کیا۔سی اے ایس کی قیادت عمر شرف الدین نے کی۔ سکول کے وفد نے قونصل جنرل آف پاکستان دبئی سے ملاقات کی جنہوں نے سکول کی ٹیم کو پاکستان قونصلیٹ میں ظہرانہ دیا اور انہیں قونصلیٹ کے فرائض اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے مفادات کی نمائندگی کرنے میں سفارتی مشن کے کردار کے بارے میں آگاہی دی۔ قونصل جنرل نے پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی عالمی موجودگی کو تقویت دینے کے لیے ایسے پلیٹ فارمز کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=546105

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں