پاکستانی طلبا نے ورلڈ سکالر کپ قطر میں92 تمغے،11ٹرفیاں حاصل کرکے ملک کا نام روشن کر دیا

59
پاکستانی طلبا نے ورلڈ سکالر کپ قطر میں92 تمغے،11ٹرفیاں حاصل کرکے ملک کا نام روشن کر دیا

لاہور۔4جولائی (اے پی پی):پاکستان کے طلبا نے دوحہ (قطر) میں ورلڈ سکالر کپ گلوبل رائونڈ میں 92 تمغے اور 11 ٹرفیاں حاصل کر کے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر دیا۔ ترجمان کے مطابق سکالر کپ میں برطانیہ، امریکہ، بھارت سمیت 50 سے زائد ملکوں کے 1700 مندوبین نے شرکت کی۔

پاکستانی طلبا نے غیر معمولی مہارت، ذہانت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ ایچی سن کالج کی تین سینئر ڈویژن ٹیموں نے مجموعی طور پر 92 تمغے اور 11 ٹرافیاں حاصل کیں،اس شاندار کارکردگی پر انہیں رواں سال کے آخر میں ییل یونیورسٹی امریکہ میں شیڈول ورلڈ کپ کے حتمی رائونڈ ٹورنامنٹ آف چیمپئنز میں شرکت کے لیے اہل قرار دے دیا گیا۔

ابراہیم عثمان اجمل، محمد احمد ذوالفقار اور حسین اسلم بھنڈر پر مشتمل ٹیم نے گلوبل رائونڈ میں مجموعی طور پر تیسری جبکہ ایشیاء میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح محمد احمد ذوالفقار انفرادی مقابلے میں عالمی سکالر کپ کی تاریخ میں عالمی رائونڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی طالب علم بن گئے۔