اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی): پاکستان نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو یہ جان کر شدید دکھ ہوا ہے کہ جنوبی ترکیہ کے بعض حصوں میں شدید زلزلہ کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام دکھ کی اس مشکل گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بیان میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے،
ترجمان نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ ترک قوم اس قدرتی آفت پر خصوصی ہمت اور عزم کے ساتھ قابو پا لے گی۔