لاہور۔26مارچ (اے پی پی):پاکستانی فوڈ ایکسپورٹرز کا وفد سعودی عرب کے ایک ماہ کے کامیاب دورے کے بعد واپس پہنچ گیا۔ وفد کے سربراہ اور کوآرڈینیٹر برائے وفاقی ٹیکس محتسب سیف الرحمان نے بدھ کو یہاں ایک بیان میں کہا کہ اس دورے کا مقصد دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا، برآمدات کے نئے مواقع تلاش کرنا اور سعودی مارکیٹ میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے راستے تلاش کرنا تھا۔
وفد نے بڑی تعداد میں بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں کیں اور سعودی کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ متعدد اہم ایم او یوز اور پاکستانی برآمد کنندگان اور سعودی فرموں کے درمیان شراکت داری (پارٹنر شپس) پر دستخط کئے۔ وفد نے سعودی درآمدات کو متنوع بنانے کے لیے سعودی عرب کے ویژن 2030 کے اہداف کے مطابق پاکستانی فوڈ پراڈکٹس خاص طور پر اسنیکس اور پراسیسڈ فوڈز کی بڑھتی ہوئی مانگ کو اجاگر کیا۔
سیف الرحمان نے اس دورے کو پاکستان کی غذائی برآمدات کو بڑھانے میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دو طرفہ تعاون، مارکیٹ تک رسائی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کی نئی راہیں کھلیں گی۔ وفد کی کوششوں سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور سعودی عرب کے ساتھ طویل مدتی اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576278