پاکستانی فوڈ ایکسپورٹرز کا وفد ملائیشیا کے ایک ماہ کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا

150

لاہور۔29دسمبر (اے پی پی):پاکستانی فوڈ ایکسپورٹرز کا وفد ملائیشیا کے ایک ماہ کے کامیاب دورے کے بعد واپس وطن پہنچ گیا۔ اتوار کو وفد کے رہنما اور وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے صحافیوں کو بتایا کہ ملائیشین تاجروں نے پاکستانی مصنوعات کے غیر معمولی معیار، مسابقتی قیمتوں اور بین الاقوامی معیارات کی پاسداری کی وجہ سے میں ان بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے،اس دورہ سے نہ صرف پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی روابط مستحکم ہوئے ہیں بلکہ غذائی شعبے میں مزید تعاون کی راہ ہموار ہوئی ہے

ملائیشیا کو پاکستان کی خوراک کی برآمدات خاص طور پر نمکو کی مختلف اقسام میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے پریمیم فوڈ پراڈکٹس کے قابل بھروسہ سپلائر کے طور پر دنیا میں پاکستان کی ساکھ مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد پاکستان کی اعلی معیار کی غذائی مصنوعات اور پراسیسڈ فوڈز کی متنوع رینج کو جنوب ایشیائی مارکیٹ میں متعارف کروانا، اپنے ملائیشین ہم منصبوں کے ساتھ پیداواری میٹنگز کا انعقاد اور بزنس ٹو بزنس روابط کا فروغ تھا جس میں ہم بہت حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔