27.9 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومتجارتی خبریںپاکستانی قالینوں کی عالمی نمائش میں کثیر تعداد میں غیر ملکی خریداروں...

پاکستانی قالینوں کی عالمی نمائش میں کثیر تعداد میں غیر ملکی خریداروں کی شرکت کی خواہش صنعت کیلئے انتہائی حوصلہ افزا ہے، پی سی ایم ای اے

- Advertisement -

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے رواں سال اکتوبر میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 41ویں عالمی نمائش کے ہاسپیلٹی پیکج کی منظوری پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاہے کہ غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے کیلئے وسیع تر مشاورت کے بعد پر کشش ہاسپیلٹی پیکج کی پیشکش کی گئی ہے ،جرمنی ،چین ،امریکا ، برطانیہ، ہنگری، ترکی سمیت کئی ممالک سے خریدار عالمی نمائش میں شرکت کے خواہشمند ہیں جو صنعت کیلئے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اتوار کو ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور چیئرمین ایگزیبیشن 2025ریاض احمد نے جائزہ اجلاس کے دوران کیا ۔

اس موقع پر پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک ، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، ایسوسی ایشن کے سینئر رہنما میجر (ر) اختر نذیر ،سعید خان ،محمد جاوید خان ،شیخ سہیل احمد،زاہد نذیر،ظفر ادریس سولیجا،نعیم ساجد ،نعیم کھوکھر ، میر مدثر ،فیصل سعید خان ، سعید الرحمان ،آصف نذیر خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

- Advertisement -

اجلاس میں عالمی ایونٹ کے افتتاح کیلئے حکومتی اور سرکاری شخصیات کو مدعو کرنے اورمینو فیکچررز ، برآمد کنندگان اور پاکستان آنے والے غیر ملکی خریداروں کے اعزاز میں گورنر ہائوس میں عشائیہ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔میاں عتیق الرحمان اور ریاض احمد نے کہا کہ ہمارے روایتی حریف ملک کی جانب سے بھی نمائش کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے اس لئے ہمیں نمائش کی کامیابی کو چیلنج کے طور پر لینا ہے ،ہم متعلقہ حکومتی اداروں سے بھی بھرپور معاونت کے لئے پر امید ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی خریداروں کی جانب سے پاکستان میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش میں شرکت کیلئے جس جوش و جذبے سے شرکت کی خواہش ظاہر کی گئی ہے اس سے قوی امید ہے کہ عالمی نمائش میں غیر ملکی خریداروں کی جانب سے وسیع پیمانے پر معاہدے کئے جائیں گے جس سے ہماری صنعت کو تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نمائش میں غیر ملکی خریداروں اور پاکستان کے برآمد کنندگان کے درمیان بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی ہوں گی جس سے دو طرفہ تجارتی روابط کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے کیلئے اپنے طور پر ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے حکام بھی نمائش کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور تعاون فراہم کر رہے ہیں جس پر ان کے بے حد شکر گزار ہیں۔ اجلاس میں نمائش میں سٹالز لگانے والوں کی رجسٹریشن اورہاتھ سے بنے قالینوں کو خوبصورتی سے ڈسپلے کرنے سمیت دیگر اقدامات کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں