لاہور۔18مئی (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ایک پرامن قوم ہے لیکن اگر بھارت نے دوبارہ جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے ایک بار پھر عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وہ اتوار کے روزلاہور کے آفوش کلب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی اظہارِ تشکر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستانی قوم اور افواج پاکستان نے جس جرات، جذبے، جنگی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ دشمن کو شکست دی، اس نے دنیا بھر کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دے کر نہ صرف قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوان نسل کو بااختیار بنانے اور ہر شعبے میں ان کی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، ہنر اور قیادت کے مواقع فراہم کر کے ایک مضبوط اور خود کفیل قوم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
تقریب میں دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر آپریشن بنیان مرصوص میں حصہ لینے والے افسران و جوانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598531