پاکستانی قوم حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے جان و مال سمیت کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا سیمینار سے خطاب

135

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے جان و مال سمیت کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق ایمان کا تعلق ہے، کوئی اس تعلق کو کمزور نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں اقلیتوں کے حوالے سےمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار میں ملک بھر سے علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ طاہر اشرفی نے سیمینار میں ملکی و بین الاقوامی مہمانوں کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدرمملکت نے ڈاکٹر عیسی کی بہترین خدمات پر انہیں ہلال امتیاز سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج آج بھی سعودی نوجوانوں کو ٹریننگ دے رہی ہے، پاکستانی قوم حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے جان و مال سمیت کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔

اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی، پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، مولانا فضل الرحمان خلیل، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، اقلیتی رہنما پادری بشپ آزاد مارشل اور مولانا احمد لدھیانوی نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے رابطہ عالم اسلامی کےسیکرٹری جنرل اور سعودی عرب کے سفیر کو سوینئرز بھی پیش کئے۔