پاکستانی قوم روٹی سوکھی کھا لے گی لیکن اپنے دفاع پر کمپرومائز نہیں کرے گی ،مذاکرات کی آڑ میں بانی پی ٹی آ ئی کورہا کرنے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے،جاوید لطیف

120

لاہور۔27دسمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم روٹی سوکھی کھا لے گی، اپنے دفاع پر کمپرومائز نہیں کرے گی ،مذاکرات کی آڑ میں بانی پی ٹی آ ئی کورہا کرنے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے، سول نافرمانی 9، 10 مئی سے بڑا جرم ہے، محمد نواز شریف نے اپنی نااہلی پر سول نافرمانی تحریک کا اعلان نہیں کیا،نو مئی کے ماسٹر مائنڈ کو سزا ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظام مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔ہم ایٹمی طاقت ہیں، عالمی قوتوں کے دبائو میں نہیں آئیں گے، آزادی اور غیرت سے بڑھ کر ہمیں کوئی چیز عزیز نہیں، ہم سیاسی محاذ پر تقسیم ہو جائیں گے لیکن قومی غیرت پر تقسیم نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی اور محمد نوازشریف کو تاحیات نااہل کیا گیا تھا تو سول نافرمانی کا اعلان نہیں کیا گیا ۔بانی پی ٹی آ ئی پاکستان کے اندرونی حالات کو خراب کر کے بیرونی قوتوں کو خوش کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، یہ پاکستان کے دشمنوں کا منظور نظر کیوں ہے، وہ اس سے کیا کام لینا چاہتے ہیں،مذاکرات کی آڑ میں بانی پی ٹی آ ئی کو رہا کرنے کیلئے ہم پر دبائو ڈالا جا رہا ہے۔کچھ افراد اس کی سہولت کاری کررہے ہیں۔ جاوید لطیف نے کہا کہ ملک میں الیکشن ہوں گے تو اپنی پسندیدہ لیڈر شپ کے پیچھے کھڑے ہوں گے لیکن تقسیم نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے دور میں180لوگوں کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل نہیں ہوا تھا

ملکی خزانہ بے دریغ لوٹنے پر آج پھانسی کا پھندا نظر آ رہا ہے توکہتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،ورکروں کو تو سزائیں مل رہی ہیں ۔ نو مئی کے ماسٹر مائنڈ کو سزا ہونی چاہیے جس نے نوجوانوں کی ذہن سازی کی اورانہیں پٹرول بم پھینکنے پر اکسایا۔جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ساری قوم کو متحد ہونا ہو گا ،تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے ذاتی اختلافات بھلا کر ملکی مفاد کو ترجیح دینی ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ آج لبنان، فلسطین، لیبیا اور شام کے بعد ایران پر نظریں لگی ہوئی ہیں۔