پاکستانی قوم ملکی دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر نے والے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہے،انجمن اسلامیہ

115
ملکی دفاع

فیصل آباد ۔ 06 ستمبر (اے پی پی):انجمن اسلامیہ فیصل آباد کے زیر اہتمام 6ستمبر یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے بدھ کو بڑا قبرستان نڑ والا روڈ فیصل آباد میں آسودہ خاک شہدا کو سلام پیش کرنے کیلئے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں قبرستان کمیٹی کے عہدیداران، شہدا کے خاندانوں، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پوری قوم ان تمام بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملکی دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاجبکہ1965کی جنگ کے شہدا آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں اور پوری قوم ان تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے دفاع پاک سرزمین کیلئے اپنی انمول زندگیوں کی قربانیاں پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدا قوم کا فخراورجنگ ستمبر1965 ملک کی دفاعی تاریخ کا ایک روشن باب ہے جس میں افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے بہادری، ہمت اور حوصلے کی لازوال داستانیں رقم کیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرناہے کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی طرح کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کی آخری آرام گاہوں پر کھڑے ہوکر دعائے مغفرت سمیت اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ جس طرح ہمارے جگر گوشوں نے جنگ ستمبر میں اپنی قیمتی جانیں ملک و قوم پر نثار کردیں اسی طرح اگر ملک و قوم کو کبھی بھی ضرورت پڑی تو ہم اپنے شہدا کی تقلید کرتے ہوئے ملک کی سلامتی کیلئے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور دعائے مغفرت سمیت اپنے شہید قومی ہیروز کی قبروں پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی گئیں۔