اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):چین کے قومی دن پر صدر آئی پی پی و وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے چینی قوم کو مبارکباد دی ہے۔چین کے یوم تاسیس پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے چینی صدر شی جن پنگ کیلئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم چین کے یوم تاسیس پر چینی عوام کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی احترام، اعتماد اور رواداری جیسے سچے رشتوں کا دوسرا نام ہے۔
انہوں نے کہا کی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے راستے پر چین کی دوستی کے گہرے نشان ثبت ہیں۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے باہمی اشتراک سے مستحکم اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا، سی پیک جیسے عظیم منصوبے اور دیگر تجارتی راہداریوں کیلئے چینی تعاون نعمت کے مترادف ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستانی قوم چین کے یوم تاسیس پر چینی عوام کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے، قائد اعظم کی سر زمین سے عزت مآب چو این لائی کے دیس کیلئے خیر سگالی جذبات پیش کرتے ہیں۔