اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):پاکستان کے عوام نے اسماعیلی برادری کے 49 ویں امام پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کے انتقال پر ان کے خاندان اور دنیا بھر کی اسماعیلی برادری سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ بدھ کو ایک پریس ریلیز میں ترجمان دفتر خارجہ سفیر شفقت علی خان نے کہا کہ روحانی پیشوا، مدبر، بصیرت انگیز اور انسان دوست شخصیت کی حیثیت سے پرنس کریم آغا خان نے بہت سے کرداروں کو اپنی ذات میں مجتمع کیا اور بکھری ہوئی دنیا میں متحد کرنے والی شخصیت کے طور پر نمایاں رہے۔
ان کی زندگی رنگ ، نسل، صنف یا مذہب سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت سے عبارت تھی۔ خدمت خلق اور انسان دوستی کی ان کی لازوال میراث نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ دنیا کی سب سے بڑی نجی بین الاقوامی ترقیاتی تنظیم کے بانی کے طور پر وہ ہر جگہ پسماندہ اور کمزوروں کے لیے امید کی کرن تھے۔
ان کے وژن نے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور غربت کے خاتمے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم پرنس کریم آغا خان کے پاکستان کے ساتھ خصوصی لگائو کی قدر کرتے ہیں اور اس کے عوام کی ترقی کے لیے ان کے ناقابل فراموش کردار کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔
ہم ان کے دادا محترم سلطان محمد شاہ آغا خان کی تحریک آزادی اور پاکستان کی تخلیق اور ان کے والد محترم پرنس علی خان کی اقوام متحدہ، نیویارک میں پاکستان کے سفیر اور مستقل نمائندے کی حیثیت سے خدمات کو بھی احترام کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ان کے خاندان اور دنیا بھر کی اسماعیلی برادری سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔