پشاور۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):میئرپشاورحاجی زبیرعلی نے کہاہے کہ پوری قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہےاورکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انھوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے،کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ میئر پشاورنے ان خیالات کا اظہاریوم سیاہ کشمیر کے حوالے سےتقریب میں کیا۔
اس موقع پرڈائریکٹرجنرل کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور سید وقاص علی شاہ، ڈائریکٹرایسٹ رحمان خٹک ،ڈائریکٹرویسٹ ریاض اعوان، کیپٹل میٹروپولیٹن کے دیگر افسران مزدور اتحاد کے چیئرمین قیصر باچہ ریاض خان، بلدیاتی نمائندوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرکشمیر کے حق میں نعرے بازی کی گئی جبکہ ریلی بھی نکالی گئی۔
مئیر پشاور نے یوم سیاہ کشمیر کےموقع پرکشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ27 اکتوبر1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب بھارتی فورسزنےزبردستی اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر پر قبضہ کرلیا اُس دن سے آج تک کشمیریوں پرظلم و جبر کا سلسلہ تھم نہ سکا ۔اُنہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیاہے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم وستم کا نوٹس لیں اورکشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار داد وں پرعملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہاکہبھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام ایک طویل عرصے سے آزادی کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیری بھائی جلد امن و خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اورآزاد زندگی کا سفر شروع کریں گے۔