چنگڈو۔14اگست (اے پی پی):پاکستان کے قونصل خانے چینگڈونے پاکستان کی آزادی کے 78 سال مکمل ہونے پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں جنوب مغربی چین میں مقیم پاکستانی شہریوں اور قونصل خانے کے حکام نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز روایتی پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد صدرِ مملکت ، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
اپنے خطاب میں قونصل جنرل جناب تنویر اے بھٹی نے پاکستان کے بانیانِ قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے ایک خوشحال، خودمختار اور آزاد پاکستان کے خواب کو اجاگر کیا۔انہوں نے پاکستان کے شہداء کی قربانیوں اور پاک فوج کی جرات و بہادری کو بھی سراہا۔
قونصل جنرل نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جنوب مغربی چین میں مقیم پاکستانی شہری محنت جاری رکھیں گے، اپنے وطن کا نام روشن کریں گے اور پاک-چین دوستی کے حقیقی سفیر بن کر کردار ادا کریں گے۔