31 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومقومی خبریںپاکستانی مسلح افواج نے ایمان، اتحاد اور پیشہ ورانہ مہارت کے امتزاج...

پاکستانی مسلح افواج نے ایمان، اتحاد اور پیشہ ورانہ مہارت کے امتزاج سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا،گورنر پنجاب

- Advertisement -

لاہور۔15مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج نے ایمان، اتحاد اور پیشہ ورانہ مہارت کے امتزاج سے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر نہ صرف وطنِ عزیز کا دفاع کیا بلکہ پوری دنیا کو حیران کر دیا۔ وہ جمعرات کو گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان کی حالیہ کامیابی پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ اصل طاقت جدید اسلحے میں نہیں، بلکہ ایمان، جذبے اور قربانی میں ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ہمیشہ اپنی عسکری قوت اور جدید ٹیکنالوجی پر ناز کرتا رہا، مگر پاکستانی افواج نے دشمن کے دفاعی نظام کو بے اثر کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ وطن کی حفاظت کے لیے حوصلہ اور اتحاد سب سے بڑی قوت ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر دوبارہ توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور دنیا کی بڑی قیادتیں اب اس تنازع کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں سمجھتیں۔ گورنر نے خبردار کیا کہ اگر بھارت دوبارہ جارحیت کی کوشش کرے گا،تو اسے پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور فیصلہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہیں، ہماری یکجہتی اور عزم ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ نے بھی اظہار خیال کیا اور افواجِ پاکستان کی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے قومی اتحاد و یگانگت پر زور دیا۔اس موقع پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیاگیا ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597518

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں