پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ معاشی خوشحالی کے حصول کا راستہ ہے ،محمد زبیر موتی والا

201
Gulf Food Exhibition at Dubai Trade Centre

دبئی۔21فروری (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو محمد زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ ہم نے غذائی اشیاء کی برآمدات کو بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور توقع ہے کہ اس شعبہ کی برآمدات تقریباً 4 بلین ڈالر سالانہ کے برعکس رواں مالی سال کے اختتام تک 7 بلین ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔

دبئی میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو نے دبئی ٹریڈ سینٹر میں جاری گلف فوڈ نمائش میں پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔ پاکستانی مصنوعات کے سٹالز کے دورے کے دوران نمائش کنندگان سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ملکی برآمدات کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ معاشی خوشحالی کے حصول کا راستہ ہے اور ٹی ڈی اے پی اس قومی مقصد کے لیے خاطر خواہ کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ اس سال تل کے بیجوں کی برآمدات میں 300 سے 400 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ پاکستانی چاول کی برآمدات سابقہ تقریباً 1.5 بلین ڈالر کے مقابلے میں 3 بلین ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی کے تعاون سے برآمد کنندگان گزشتہ چند سالوں سے گلف فوڈ میں حصہ لے رہے ہیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ ہر سال پاکستانی نمائش کنندگان کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میگا فوڈ نمائش میں پاکستانی برآمد کنندگان کی شرکت زبردست ہے۔ اپنے دورے کے دوران، زبیر موتی والا نے سعودی فوڈ کے چیف آرگنائزر اور دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے کمرشل ڈائریکٹر ایونٹس مینجمنٹ، جعفر شبر سے ملاقات کی جنہوں نے آئندہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کی نمائش میں پاکستانی مصنوعات کی شمولیت کے لیے گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ساتھ بھی تفصیلی ملاقات کی جس میں کمرشل ڈائریکٹر ایونٹس اینڈ ایگزیبیشنز سلیمہ ڈڈلا اور اینڈریو برمن، سینیئر سیلز منیجر ایگزیبیشنز شامل تھے۔

ملاقات میں مستقبل میں ہونے والی نمائشوں میں پاکستان کو مزید جگہ کی فراہمی کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ گلف فوڈ فیسٹیول میں کل 100 پاکستانی نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں جن میں سے 45 کو ٹی ڈی اے پی نے سپانسر کیا ہے جبکہ دیگر سیلف اسپانسر شپ کی بنیاد پر حصہ لے رہے ہیں۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو کے ہمراہ کمرشل قونصلر، ڈائریکٹر جنرل ٹی ڈی اے پی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفارتی مشن کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔