اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):چیئرمین چلتن پیورپاکستان نجم مزاری نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے ویلیو ایڈیشن کے ساتھ موثر تشہیر نا گزیر ہے ،
حکومت کی جانب سے ایس ایم ایز پر توجہ مرکوز کرنا خوش آئند ہے تاہم حقیقی کامیابی تب ملے گی جب ہماری چھوٹی صنعتیں بھی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی تیار ی کے بعد انہیں برآمد کریں گی ، پاکستان کے بہت سے برانڈز دنیا کی مارکیٹوں میں جگہ بنا سکتے ہیں جس کیلئے حکومت کو معاونت کرنا ہو گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مارکیٹنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ نجم مزاری نے کہا کہ اگر پاکستان نے 100ارب ڈالر برآمدات کا ہدف حاصل کرنا ہے تو صرف روایتی مصنوعات کی برآمدات پر اکتفا کرنے کی بجائے اس فہرست میں اضافہ کرنا ہوگا ،ایس ایم ایز اورگھریلو دستکاری کے معیار کی بہتری کے لئے حکومتی سرپرستی میں منصوبے شروع کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین اور تھائی لینڈ سمیت دیگر ممالک کی پیروی کرنی چاہیے جن کی ایس ایم ایز دنیا بھر میں برآمدات میں اپنا لوہا منوا چکی ہیں ۔
نجم مزاری نے مزید کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر تشہیر کیلئے حکومتی سرپرستی میں پلیٹ فارم قائم کیا جائے اور فریش گریجوایٹس کو بین الاقوامی سطح پر مارکیٹنگ کی ذمہ داریاں تقویض کی جائیں جس سے انہیں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور قومی برآمدات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔