پاکستانی مصور اسماعیل گل جی کے 1989 میں تخلیق کردہ تجریدی فن پارے کی ٹوکیو میں رونمائی

213
پاکستانی مصور اسماعیل گل جی کے 1989 میں تخلیق کردہ تجریدی فن پارے کی ٹوکیو میں رونمائی

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستان کے نامور مصور اسماعیل گل جی کے تجریدی مصوری کے فن پارے کی رونمائی کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، ٹوکیو مین پاکستانی سفارتخانہ میں منعقدہ اس تقریب میں اسماعیل گل جی کے 1989 میں تخلیق کردہ تجریدی فن پارے کی رونمائی کی گئی، تقریب میں جاپانی میڈیا اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی سفیر امتیاز احمد نے کہا کہ اسماعیل گل جی اپنے تجریدی فن کے اعتبار سے عالمی شہرت کے حامل ہیں، جو اسلامی خطاطی سے متاثر ہیں اور ان کے فن پاروں میں 1950 اور 1960 کی دہائیوں کی ” ایکشن پنٹنگ“ کی تحریک کے اثرات بھی پائے جاتے ہیں۔

اسماعیل گل جی نے 1989 میں جاپان کا دورہ کیا اور جاپان فاونڈیشن ایوارڈ حاصل کیا۔ اسی سال انہوں نے ٹوکیو میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے لیے یہ پینٹنگ بنائی۔ اب اس پینٹنگ کو پاکستان ایمبیسی ٹوکیو منتقل کر دیا گیا ہے۔

رونمائی کی تقریب آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی اور پاک۔جاپان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کی تقریبات کا حصہ ہے۔