اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):پاکستانی معاونین عقیدت و احترام اور منصبی ذمہ داری کے گہرے احساس کے ساتھ مسجد الحرام میں عازمین حج کی مدد اور رہنمائی کررہے ہیں،کسی بزرگ عازم حج کو راستہ بتانا،ٹریفک کی روانی یقینی بنانا اور متعدد زبانوں کے حامل افراد کی رہنمائی جیسے اقدامات بہترین انداز میں کررہے ہیں۔ یہ معاونین اپنی دعوتی ذمہ داری سے آگے بڑ ھ کر نہ صرف پاکستانی عازمین کی خدمت بلکہ دوسرے ممالک سے آنے والوں کی بھی مدد کر رہے ہیں۔
چاہے کسی بزرگ عازم حج کو راستہ تلاش کرنے میں مدد دینی ہو، متعدد زبانوں میں ہدایات یا ہجوم والے علاقوں میں پیدل ٹریفک کی روانی یقینی بنانی ہو ،یہ معاونین لوگوں کے لیے راحت اور رہنمائی کا ذریعہ ہیں،یہاں تک کہ معاونین نے ایک بھارتی عازم حج کے خاندان کی بروقت مدد کی جو مسجد الحرام میں اپنا راستہ بھول گیا اور اپنے گروپ کے ساتھ ملنے کا خواہاں تھا۔ان معاونین کی لگن پاکستان کی مہمان نوازی اور حج کے مقدس سفر کے لیے احترام کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔جوں جوں حج کا موسم قریب آرہا ہے ان معاونین کی خدمات میں اضافہ ہورہا ہے جس سے یہ دنیا بھر کے عازمین سے داد وصولی کے ساتھ ساتھ اتحاد، خدمت اور ایمان کے حقیقی جوہر کو تقویت دے رہے ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے سعودی عرب میں پاکستانی عازمین حج کی سہولت کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سروس ( این ٹی ایس ) کے ذریعے معاون عملے کا انتخاب کرکے ہم وطن عازمین کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے حج یقینی بنانے کا اہم قدم اٹھایا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594794