مکہ المکرمہ۔17مئی (اے پی پی):پاکستان حج مشن نے پاکستانی معاون حج کو حجاز مقدس میں دوران ڈیوٹی ملنے والا مہنگا موبائل فون ،فون کی مالک عراقی عازمہ حج کے حوالے کر دیا۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مکہ کی روحانی فضا جہاں لاکھوں حجاج کرام مقدس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے جمع ہوتے ہیں، وہاں پاکستانی معاونین (حج معاون عملہ) اپنی لگن، ایمانداری اور ہمدردانہ خدمات کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کرتے آ رہے ہیں۔
اگرچہ ان کا بنیادی فرض پاکستانی حجاج کی مدد کرنا ہے لیکن معاونین مسلسل بین الاقوامی حجاج کی بھی مدد کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ایمانداری کی ایک اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ایک پاکستانی معاون کو اپنی ڈیوٹی کے دوران ایک مہنگا موبائل فون ملا، جسے اس نے فوراً پاکستان حج مشن کے حوالے کر دیا۔ مدینہ ڈیپارچر سیل کے انچارج علی گوہر نے فون کی مالک عراقی خاتون عازمہ حج جنان رشید کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کرلی،
مکہ کوآرڈینیٹر ذوالفقار علی خان نے فون عراقی حجاج کے گروپ لیڈر حمزہ خلیل صالح کو واپس کر دیا، جو اسے وصول کرنے کے لیے ہفتے کے روز پاکستان حج مشن آئے تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار خان نے معاون حج کی ایمانداری اور عہد کی پاسداری کی تعریف کی۔
انہوں نے معاون کی مثالی کارکردگی کے اعتراف میں نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔ کچھ دن پہلے ہی، پاکستانی معاونین نے ایک بھارتی حاجی خاندان کی بھی مدد کی تھی جو حرم شریف میں راستہ بھٹک گیا تھا، اور انہیں ان کے گروپ سے دوبارہ ملا دیا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ حج 2024 کے دوران ایک پاکستانی معاون آصف بشیر نے 44 افراد جن میں 17 بھارتی شہری بھی شامل تھے، کو منیٰ میں شدید گرمی سے بچا یا تھا۔
ان کی بہادرانہ کارروائیوں کو سعودی اور بھارتی حکومت دونوں نے سراہا تھا۔ حتیٰ کہ بھارتی حکومت نے بھی آصف بشیر کو ان کی بہادری اور انسان دوست جذبے کے لیے بھارتی سول ایوارڈ کے لیے نامزد کیا تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598237