پاکستانی معیشت کی نمو میں بہتری آئی ہے، 2023 کے اواخر سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے، عالمی بینک

159

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):عالمی بینک نے کہاہے کہ پاکستانی معیشت کی نمو کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، 2023 کے اواخر سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو رہاہے۔یہ بات عالمی بینک نے عالمی اقتصادی امکانات کے عنوان سے جاری کردہ اپنی حالیہ رپورٹ میں کہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ جاری سال میں پہلی بار زیادہ پالیسی ریٹ اور جیو پولیٹکل تنائو کے باوجود عالمگیر نمو 2.6 فیصد کی سطح پر مستحکم ہے، تجارت اور سرمایہ کا ری میں نمو کی وجہ سے 26 ۔ 2025 میں افراط زر معتدل رہنے کا امکان ہے، افراط زر کے دبائو کی وجہ سے ترقی یافتہ اور ابھرتی ہو ئی معیشتوں میں سینٹرل بینک زری پالیسی کو پرسہولت بنانے کے حوالہ سے بدستور چوکنا رہیں گے، ان وجوہات کی وجہ سے پالیسی سے عالمگیر سطح پر پالیسی ریٹ کی شرح بلند رہے گی۔

رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ جیوپولیٹکل تنائو میں اضافہ سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا جبکہ تجارتی تقسیم سے تجارتی نیٹ ورکس اور رسد پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والی آفات سے بھی نمو کیلئے خطرات کا ذکر کیا گیا ہے اور اس حوالہ سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں نجی شعبہ کی سرگرمیوں میں اگرچہ اضافہ ہو اہے تاہم اس کی رفتار سست ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کی نمو کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ 2023 کے اواخر سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے،زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کے بعد درآمدات پر پابندیاں ہٹائی گئی ہیں جس نمو میں اضافہ ہو رہا ہے۔ملکی معیشت کے استحکام کیلئے زری اور مالیاتی پالیسیاں سخت رکھی گئی ہیں اور مالیاتی نظم و ضبط کیلئے کئی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔