پاکستانی میڈیا نے جنگی حالات میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،محمد احمد خان

55
شہدائے ہزارہ پولیس سپورٹس کمپیٹیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن شروع ہو گیا

لاہور۔29مئی (اے پی پی):پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ، لاہورپریس کلب اور پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے زیر اہتمام لاہورپریس کلب میں دفاع وطن اور میڈیا کے کردار کے موضوع پر تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہاکہ بھارتی جارحیت کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا اور پاکستانی میڈیا نے جنگی حالات میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ جنگ کے دنوں میں پوری قوم کو متحد دیکھا،جو سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے بات کرنا پسند نہیں کرتی تھیں، ملکی بقاکی بات آئی تو حکومت اور فوج کے پیچھے انہیں کھڑے دیکھا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ اگر ہمیں اتحاد کا موقع ملا ہے تواب اس کوکھونا نہیں چاہیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین کے سیکرٹری جنرل و صدر لاہورپریس کلب ارشد انصاری نے کہاکہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستانی میڈیا نے جس تدبر اور جرات کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے جبکہ ہمسایہ ملک کے میڈیا نے اس جنگ میں بنیادی صحافتی اصولوں کو پس پشت ڈال کر ساری دنیا میں اپنی جگ ہنسائی کرائی ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا میڈیا افواج پاکستان اور حکومت کیساتھ کھڑا ہے ، ہماری بہادر افواج نے چند گھنٹوں میں بھارتی افواج کو مار بھگایا۔پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری ، سلامتی اور بقاکے معاملے پر صحافی صف اول میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنے محاذ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر نے کہا کہ دنیامیں بھارتی میڈیا اپنے ہی ملک کے لئے ہزیمت کا باعث بنا جبکہ پاکستان کے باشعور میڈیا نے پہلگام واقعہ سے لیکر 10 مئی تک حالات کا صحیح رخ بین الاقوامی برادری کے سامنے رکھا۔

تقریب میں پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل وصدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ، پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر ، پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،جوائنٹ سیکرٹری لاہور پریس کلب عمران شیخ ،فنانس سیکرٹری سالک نواز ، اراکین گورننگ باڈی سرمد فرخ خواجہ ، رانا شہزاد احمد اور الفت حسین مغل سمیت سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔اس موقع پرصدر ارشد انصاری نے لاہور پریس کلب کی جانب سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کو یادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے۔