پاکستانی نوجوانوں نےمنگول ڈربی ریس میں پوزیشن اور ورلڈ لارجیسٹ یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ میں میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا، مشیر کھیل پنجاب

109
وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض کی سری لنکا کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد

لاہور۔19اگست (اے پی پی):مشیر کھیل وامور نوجوانان پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں نے منگولیا میں ہونے والی دنیا کی طویل ترین منگول ڈربی ریس میں پوزیشن اورورلڈ لارجیسٹ یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ ناروے میں سلور میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے، پاکستان کا نام روشن کرنیوالے کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں، اپنے ہیروز کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا فرض ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منگولیا میں ہونیوالی دنیا کی طویل اور دشوار ترین ایک ہزار کلومیٹر منگول ڈربی ریس کے پوزیشن ہولڈرز اور ورلڈ لارجیسٹ یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ ناروے میں سلور میڈل جیتنے والی سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وہاب ریاض نے مزیدکہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے منگول ڈربی ریس کے انفرادی مقابلوں میں 5ویں اور 7ویں پوزیشن حاصل کی ہے

،ہمارے کھلاڑیوں نے دنیا کی دشوار ترین1000کلومیٹر ڈربی ریس میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے،ملک کا نام روشن کرنے والے ہمارے سٹار ہیں،انہوں نے مزیدکہاکہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے ہیروز کی حوصلہ افزائی کریں، اپنے ہیروزکو سلام پیش کرتے ہیں ،پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، ہمارے پاس وسائل کم اور ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے، پاکستان کا نام روشن کرنے کیلئے ان کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا نام روشن کرنیوالے کھلاڑیوں کی نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی سے ملاقات کرائیں گے جو اپنے ہیروز کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامی رقم بھی دینگے، مشیر کھیل نے منگول ڈربی ریس کے پوزیشن ہولڈرز اور سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کو سرٹیفکیٹس دیئے، سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں میں اسد ناصر، عدیل، شاہ میر شریف، عبدالوہاب، طفیل خان، عبیداللہ خان، محمد علی، عابد علی، محمد عبداللہ، ساحل گل، سعود احمد، فیصل احمد، علی آصف، احمد رضا خان، ٹیم کوچ محمد رشید،آفیشلزاویس، ضیا النور، ذیشان احسان، آصف محمود راٹھور، ریحان طاہر اور قمر عطا شامل ہیں، سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے سینئر آفیشل ضیا النور نے مشیر کھیل وہاب ریاض کو سوینئر پیش کیا،

قبل ازیں منگول ڈربی ریس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں فہد جمیل، عمیر قائم خانی،معظم حیات اور عمر حیات نے مشیر کھیل وہاب ریاض سے ملاقات کی اور ڈربی ریس کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمدساجد بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی سٹریٹ چائلڈ ٹیم نے دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ میں حصہ لیا جو ناروے کے شہر اوسلو میں منعقد ہوا جس میں پاکستانی ٹیم رنر اپ رہی ۔ پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم نے 2014میں برازیل میں ہونیوالے سٹریٹ چائلڈ ورلڈکپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا،2018 میں روس میں اور 2022 میں قطر میں ہونیوالے ایونٹ میں چاندی کے تمغے جیتے تھے۔