اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ، ان کےلئے جدید علوم سے آراستہ ہونا اور جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ سردار ایازصادق نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں،ملکی تعمیر و ترقی کا دارومدار نوجوانوں پر ہے، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں، عزم اور ہمت کو بروئے کار لا کر ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے،پاکستان کی نصف سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے، پاکستانی نوجوانوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، پاکستان کی نوجوان نسل ملک کو تیز تر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عصر حاضر میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال ایک اہم ضرورت بن چکا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں مہارت حاصل کیے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، دنیا تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب گامزن ہے، پاکستانی نوجوانوں کو عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خود کو جدید علوم سے آراستہ کرنا اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی اور انہیں جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے، پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مہارت حاصل کرنے کے بلا امتیاز مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے،موجودہ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان نوجوان نسل کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے ،نوجوانوں کو پارلیمانی نظام سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے قومی اسمبلی میں یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کیا گیا ہے،نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے قومی اسمبلی آف پاکستان میں نوجوان اراکین پر مشتمل ینگ پارلیمنٹیرین فورم تشکیل دیا گیا ہے۔
سردار ایاز صادق نےپیرس اولمپک میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے نوجوان ایتھلیٹ ارشد ندیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوان نسل کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں ، انہوں نے انتھک محنت جدوجہد اور لگن سے گولڈ میڈل جیت کر دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ۔