پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، شزہ فاطمہ خواجہ

"وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔”

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،

ڈیجیٹل اکانومی میں خواتین کی فعال شمولیت ملک کی تقدیر بدلنے کے لئے ناگزیر ہے۔ بدھ کو نوجوانوں کی ہنرمندی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواتین کو آئی ٹی سیکٹر اور فری لانسنگ میں گھر بیٹھے روزگار کے بہترین مواقع فراہم کر رہے ہیں، وزیراعظم کا وژن ہے کہ ہر نوجوان اعلیٰ تعلیم اور بہترین ہنرمندی میں ماہر ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں آئی ٹی کے میدان میں دنیا بھر کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی کی تربیت کے ذریعے نوجوانوں کو مستقبل کے لئے تیار کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سٹارٹ اپس اور خواتین کاروباری افراد کے لئے سازگار ماحول اور ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے، ہمارا ہدف پاکستان کو دنیا کا ابھرتا ہوا آئی ٹی اور ڈیجیٹل حب بنانا ہے۔