نیویارک ۔ 21 اگست (اے پی پی) پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم ”ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکا“ (اپنا) اور یو ایس ایڈ نے پاکستان میں ہیلتھ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون کی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے ہیں۔ اپنا کے صدر نثار قریشی اور یو ایس ایڈ کے پاکستان مشن کے ڈائریکٹر جان گرورک نے پاکستان قونصلیٹ جنرل میں معاہدے پر دستخط کئے جبکہ اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور قونصل جنرل راجہ علی اعجاز بھی موجود تھے۔ اس معاہدے کے تحت یو ایس ایڈ صوبہ سندھ، خیبرپختونخوا، فاٹا اور پنجاب میں زچہ و بچہ کے منتخب ہیلتھ پراجیکٹس کے ذریعے ہیلتھ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے معاونت فراہم کرے گا جبکہ پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم سندھ، خیبرپختونخوا، فاٹا اور پنجاب میں یو ایس ایڈ کی معاونت سے چلنے والے منتخب طبی مراکز میں ڈاکٹروں کو ٹیلی میڈیسن اور ویب بیسڈ ٹریننگ اور مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرے گی۔ اس موقع پر نثار قریشی نے اظہار خیال کرتے ہوئے مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس معاہدے سے پاکستان میں صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانے میں مدد ملے گی