واشنگٹن۔12ستمبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری برادری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے دوران تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری پر توجہ دے۔ انہوں نے کاروباری برادری کو ماحولیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق بریفنگ کے دوران بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نہ صرف دنیا کو خطرات لاحق ہیں بلکہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کے بعد تباہ کن سیلابی صورتحال سے طلبہ کو بھی دھچکا لگا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی ماحولیاتی تبدیلی کا سبب ہےاور ماحولیاتی تبدیلیوں کی رفتار چاہے پاکستان ہو یا جنوبی ایشیا یا دنیا ہو بڑھتی جا رہی ہے ۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستانی انٹرپرینیورز کی تنظیم کی صدر امبرین مرزا کو متحرک رہنما قرار دیتے ہوئے تقریب کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا ہے، 1400 افراد جاں بحق اور 13ہزار سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر ڈویلپمنٹس ان لٹریسی (ڈی آئی ایل) کی سی ای او فضا شاہ نے شرکا کو پاکستان میں تعلیم کی بہتری کے لیے ان کی تنظیم کی جانب سے کیے گئے کام کے حوالے سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹس ان لٹریسی (ڈی آئی ایل) پاکستان میں 1997 سے کام کر رہی ہے اور اس نے تقریباً 3لاکھ طلبا کی مدد کی ہے اور تقریباً 20ہزار اساتذہ کو تربیت فراہم کی ہے۔ ڈی آئی ایل پاکستان میں نصاب کی ترقی کے سلسلے میں سرکاری اور نجی شعبے کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ فضا شاہ کی قیادت میں ڈی آئی ایل کے فلاحی کام قابل ستائش اور قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے مشکل گھڑی میں پاکستان کی حمایت ، یکجہتی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کرنے پر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=326792