پاکستانی نژاد امریکی کاروباری کمیونٹی مکمل اعتماد کے ساتھ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرے،سفیر مسعود خان

64
امریکا میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی سرکاری اور نجی شعبے کے پیشہ ور افراد اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں ، پاکستانی سفیر

واشنگٹن۔12ستمبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری افراد پر زور دیا ہے کہ وہ مکمل اعتماد کے ساتھ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں۔ سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈالاس میں پاکستانی امریکن بزنس فورم (پی اے بی ایف)کے سالانہ ایوارڈ بینکوئٹ 2023 کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے

کہا کہ ہم امریکا اور خلیجی خطے کے کاروباری افراد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں، چین پہلے ہی سی پیک کے تحت منصوبوں کے ذریعے سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خلیجی خطوں کو صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور وہ بہت سی یورپی اور شمالی امریکی فرمز کے ساتھ شراکت داری کر رہے ہیں، اس سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا ایک بہت بڑا موقع فراہم ہو رہا ہے چونکہ وہاں سرمایہ کاری کے لیے بنیادی ڈھانچہ موجود ہے اس لیے اس مارکیٹ میں قدم رکھیں اور پیچھے ہٹنے کی بجائے مکمل اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کریں، پاکستان سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے ۔

مسعود خان نے پی اے بی ایف کے چیئرمین وقار خان، صدر انور اعظم اور دیگر اراکین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ملک کی کاروباری صلاحیت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا۔ تقریب میں ریاست ٹیکساس کے نمائندے سلمان بھوجانی، میئر رچرڈسن ،میئر باب ڈولی، شمس العارفین اور عبدالخبیر نے شرکت کی۔ انہوں نےسرکردہ تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے

کہا کہ 80 امریکی کاروباری اداروں کی موجودگی کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پہلے سے وسیع انفراسٹرکچر موجود ہے اور آپ کو سرمایہ کاری کے پیمانے کو بڑھانا ہے ، پاکستان میں اس کے لیے کافی مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو ہموار کرنے کے لیے پاکستان میں ریگولیٹری نظام، کاروبار کرنے میں آسانی، منافع کی واپسی سے متعلق مسائل اور کاروباری برادری اور ممکنہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ڈالاس، ہیوسٹن یا امریکا میں ایک فورم کے قیام کی تجویز پیش کی۔

پاکستانی سفیر نے کان کنی ، زراعت، تعلیم، صحت، دواسازی، تشخیص، بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں پر روشنی ڈالی جو سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لیے بہت زیادہ منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے پاکستانی نژاد امریکن کمیونٹی کی غیر متزلزل حمایت کو یاد کرتے ہوئےکہا کہ کمیونٹی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور وہ اپنی سرمایہ کاری اور مثبت شراکت سے پاکستان اور اس کی معیشت کی حمایت جاری رکھے گی۔