پاکستانی وفد کی وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں واشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاس میں شرکت

105

واشنگٹن ۔ 12 اپریل (اے پی پی) واشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ کا سالانہ اجلاس جاری ہے، اجلاس کے دوسروے روز پاکستانی وفد نے وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں اجلاس کی کاروائی میں شرکت کی۔ پاکستانی وفد نے اس موقع پر کئی دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ وزیرخزانہ کی قیادت میں پاکستانی وفد نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ٹاکی ہیکو ناکائو سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے انہیں پاکستان کے کلی معیشت (میکرو اکنامک) صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان جاری تعاون اور منصوبوںکا بھی جائزہ لیاگیا۔ عالمی بینک کے صدر نے پاکستان میں اصلاحات کے عمل کی تعریف کی اور اس سلسلہ میں انہیں عالمی بینک کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ قبل ازیں وزیر خزانہ نے عالمی بینک کی ٹیم کے ساتھ ملاقات میں عالمی بینک میں پاکستان کے پورٹ فولیوامور پر تبادلہ خیال کیا۔ عالمی بینک کی ٹیم کی قیادت جنوبی ایشیاء کے لئے عالمی بینک کے نائب صدر ہاٹ شیفر نے کی۔ ملاقات میں پاکستان کے لئے عالمی بینک کے آنے والے منصوبوں اور پاکستان میں مختلف شعبوں کی بہتری کے لئے عالمی بینک کے تعاون سے متعلق معاملوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ کی قیادت میں پاکستانی وفد نے عالمی بینک کے کثیر الجہتی سرمایہ کاری گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جے اے) کی ٹیم سے بھی ملاقات کی۔ ٹیم کی قیادت ایجنسی کے چیف آپریٹنگ آفیسر ویجے آئر کررہے تھے۔ اس اجلاس میں حکومت پاکستان کی نجکاری کی پالیسی اور ملک میں سرکاری اور نجی شعبے کے شراکت داری فریم ورک میں توسیع کے امور کاجائزہ لیاگیا۔ ٹیم نے وزیرخزانہ کوایجنسی اور پاکستان کے درمیان تعاون سے آگاہ کیا اور بتایاکہ ایجسنی پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو توسیع دے رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے امریکی محکمہ خزانہ کی ٹیم سے بھی ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے ٹیم کو پاکستان کی معیشت کی مکمل صورتحال، اصلاحات کے عمل اور منی لانڈرنگ کے تدارک کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے اپنی سعودی عرب کے ہم منصب محمد الجدان سے بھی ملاقات کی۔ سعودی وزیر خزانہ نے وزیر خزانہ اسد عمر کو سعودی عرب کی معیشت کی بڑھتی ہوئی شرح بڑھوتری اور سعودی عرب میں پاکستانی تعمیراتی ورکروں کے لئے روزگار کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔