پاکستانی ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی

43
پاکستانی ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی
پاکستانی ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی

راولپنڈی۔5فروری (اے پی پی):پاکستانی ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی، بابر اعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، فہیم اشرف نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اینرچ نورجے نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جنوبی افریقہ نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا لئے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے166 رنز درکار ہیں، کوئنٹن ڈی کاک 24 اور تیمبا بووما 15 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، حسن علی نے دو جبکہ فہیم اشرف اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کیِ، جمعہ کو یہاں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 145 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان بابر اعظم گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر اینرچ نورجے کی گیند پر فاف ڈو پلیسی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، فواد عالم بدقسمت رہے اور 45 کے انفرادی سکور پر انہیں تیمبا بووما نے رن آئوٹ کر دیا، محمد رضوان اور فہیم اشرف کے درمیان 41 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 190 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا جب محمد رضوان 18 رنز بناکر اینرچ نورجے کی گیند پر کگیسو ربادا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، فہیم اشرف نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کیریئر کی چوتھی نصف سنچری مکمل کی تاہم دوسری جانب سے پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی 8، 8 جبکہ شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے، فہیم اشرف نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے شامل تھے، اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 272 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی، جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نورجے نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، کیشو مہاراج نے تین اور ویان مولڈر نے ایک وکٹ حاصل کیِ، جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی دو وکٹیں 26 کے مجموعی سکور پر گر گئیں، اوپنر ڈین ایلگر 15 کے انفرادی سکور حسن علی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، اگلی ہی گیند پر حسن علی نے وین ڈر ڈاسن کو صفر پر کلین بولڈ کرکے جنوبی افریقہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، فاف ڈوپلیسی جنوبی افریقہ کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 17 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، 81 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب ایڈن مارکرم 32 رنز بنا کر نعمان علی کا نشانہ بن گئے، اس کے بعد کپتان کوئنٹن ڈی کاک اور تیمبا بووما نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 106 تک پہنچا دیا، ڈی کاک 24 اور بووما 15 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، حسن علی نے دو جبکہ فہیم اشرف اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔