لاہور۔27نومبر (اے پی پی):قازقستان کے سفیرایرزان کستافین نے کہا ہے کہ قزاخستان میں2 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل درآمدات سے پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری بہت فائدہ اٹھا سکتی ہے،پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو اس طرف توجہ دینی چاہیئے اور ہائی ویلیو پراڈکٹس تیار کر کے قزاخستان برآمد کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کی حکومتیں باہمی تجارتی اشتراک کو بڑھانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں۔وہ اپٹما کے مقامی دفتر میں قازقستان کے وفد کے ہمراہ مقامی صنعت کاروں سے بات چیت کر رہے تھے۔
چیئرمین اپٹما نارتھ زون کامران ارشد نے سنیئر وائس چیئرمین اسد شفیع اور سیکرٹری جنرل رضا باقر کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر پاکستانی اورقازقستان کے صنعتکاروں کے درمیان کاروباری امور پر بھی گفتگو ہوئی جس میں قازقستان کے سفیر بھی موجود رہے۔ مقامی صنعتکاروں میں اسد شفیع، عامر عبداللہ، مجتبی اور رضوان شفیع شامل تھے۔دونوں جانب سے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر بھی کھل کر بات چیت ہوئی اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ٹھوس تجاویز بھی زیر غور آئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414683