اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) ہالی وڈ کے معروف اداکار ایشٹن کچر نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں سوات کے علاقے بشےگرام میں بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلانے کے لئے جانے والے پولیو ورکر عرفان اللہ کی بھرپور انداز میں تعریف کرتے ہوئے اس کو ہیرو قرار دیا ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے کہاکہ گھنٹوں تک برف میں چل کر اپنے فرض کی ادائیگی کے عزم سے پولیو ورکرز کے احساس ذمہ داری کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے دور دراز علاقوں میں شدید موسمی حالات کے باوجود بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے والا پاکستانی پولیو ورکر عرفان ہم سب کا ہیرو ہے ۔ یونیسیف پاکستان کی جانب سے بھی پولیو ورکرز کو درپیش مشکلات میں فرائض کی انجام دہی کو بھرپور سراہا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عرفان اللہ اوران کے ساتھیوں کو وزیر اعظم ہاﺅس مدعو کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی تھی اور ان کے ساتھ اپنی تصویر ٹویٹر پر شیئر کی تھی جس کو دنیا بھر میں بڑی تعداد میں لوگوں نے دیکھا اور عرفان اللہ کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔