پاکستانی کاروباری خواتین امریکا میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، سفیر مسعود خان

89
پاکستانی کاروباری خواتین امریکا میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، سفیر مسعود خان

واشنگٹن۔16جون (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکا کا دورہ کرنے والی پاکستانی کاروباری خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ یہاں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے ترقی کے فروغ کے اداروں اور انٹرنیشنل فنانشل ا نسٹیٹیوشنز (آئی ایف آئیز) کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے تعاون سے10مئی سے شروع کیے گئے ’’ایکسلر یٹر پروگرام فار ویمن انٹریپرینیورز‘‘کے تحت 7پاکستانی کاروباری خواتین امریکا کا دورہ کر رہی ہیں ، یہ پروگرام 30جون تک جاری رہے گا۔

پاکستانی سفیر نے گزشتہ روز خواتین کی میزبانی کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تبادلے نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کرنے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے بہت اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر خواتین کی زیر قیادت کام کرنے والے اداروں سے متاثر ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی ترجیح ہے اور کاروباری خواتین کے امریکی ٹیک مارکیٹ سے متعلق معلومات حاصل کرنے یا مشاہدہ کرنے سے انہیں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے نئی راہیں ہموار ہوں گی ۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس طرح کے دوروں سے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے بلکہ اپنے وطن میں پہلے سے فروغ پزیر سٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں بھی مدد ملتی ہے۔مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کے نجی شعبے کے لیے متعدد مواقع فراہم کیے جارہے ہیں ، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مائیکرو فنانس اور خواتین کی زیر قیادت انٹرپرائزز پراجیکٹ دستیاب ہے اور پاکستانی کاروباری خواتین کوان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اس موقع پر موجود پاکستانی کاروباری خواتین نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس دوران مائیکروسافٹ،ایمازون، فیس بک ، ٹوئٹر اور پے پال جیسی بڑی کمپنیوں کے دفاتر اور امریکا کے مقامی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں اہم کانفرنسز میں شرکت کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے دورے کے دوران پاکستانی نژادامریکی کاروباری شخصیت و امریکا کے خصوصی نمائندہ برائے کمرشل اور کاروباری امور دلاور سید سے بھی ملاقات کی ۔ پاکستانی خواتین نے دورے کے دوران سان فرانسسکو ، آسٹن،سیاٹل ، واشنگٹن ڈی سی ، نیویارک اور بوسٹن کا سفر کیا۔ اس پروگرام کا مقصد تربیت، نیٹ ورکنگ کے مواقع اور عالمی سرمایہ کاروں تک رسائی ہے۔