کھٹمنڈو۔16مئی (اے پی پی):پاکستان کی کوہ پیما نائلہ کیانی نے دنیا کی چوتھی بڑی چوٹی لوٹسے سر کرکے ریکارڈ قائم کردیا، وہ 8 ہزار میٹر سے بلند 6 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئی ہیں۔
نائلہ نے مائونٹ ایورسٹ سر کرنے کے 2 روز بعد ہی دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی ”لوٹسے” سر کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ نائلہ کیانی نے نیپال کے مقامی وقت کے مطابق 8 بج کر 13 منٹ پر 8516 میٹر بلند چوٹی لوٹسے کو سر کیا۔ مائونٹ ایورسٹ، کے ٹو اور کانگچن جونگا کے بعد لوٹسے دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی ہے۔ نائلہ کیانی اس سے قبل مائونٹ ایورسٹ ، کے ٹو، اناپورنا، گیشر برم ون اور گیشر برم ٹو بھی سر کر چکی ہیں۔