پاکستانی ہائی کمیشن سنگاپور کی میزبانی میں ہائبرڈ اسٹارٹ اپ/ فنٹیک نیٹ ورکنگ نائٹ کاانعقاد،پاکستانی ٹیک کمیونٹی اور اسٹیٹ بنک نمائندوں کی ورچوئل شرکت

135
پاکستانی ہائی کمیشن سنگاپور

سنگاپور۔23اگست (اے پی پی):پاکستانی ہائی کمیشن سنگاپور نے گولڈن ایکویٹر کیپٹل کے تعاون سے ہائبرڈ سٹارٹ اپ/ فنٹیک نیٹ ورکنگ نائٹ تقریب کی میزبانی کی۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق سنگاپور کے چیف فنٹیک آفیسر سوپنندو موہنتی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں سنگاپور فنٹیک ایسوسی ایشن کے صدر شاداب طیبی اور الیونڈی سنگاپور کے سی ای او نوین سوری نے بھی شرکت کی۔ مقامی ٹیک کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی جبکہ پاکستان سے بھی ٹیک کمیونٹی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندوں نے تقریب میں ورچوئل شرکت کی۔

بینک آف پنجاب نے پاکستان کے سٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں اپنے تعاون پر ایک پریزنٹیشن دی۔ چیف فنٹیک آفیسر اور سنگاپور فنٹیک ایسوسی ایشن کے صدر نے جنوب اور جنوب مشرقی ایشیا کے علاوہ افریقہ میں ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں سٹارٹ اپ/فنٹیک کلچر کو فروغ دینے کے لیے اپنے تعاون کا ذکر کیا جس کا مقصدغربت کا خاتمہ کر کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہیں۔ سٹارٹ کر جو8 سرکردہ پاکستانی فنٹیکس پر مشتمل برانڈ ہے جسے 2019 میں سنگاپور فنٹیک فیسٹیول کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کے لیے قائم کیا گیا تھا کے نمائندوں نے اپنے تجربے اور کامیابیوں سے شرکاءکو آگاہ کیا۔

ان آٹھ پاکستانی کمپنیوں میں سسٹمز لمیٹڈ، کوانٹم ویسٹ لیبز، بینک آف پنجاب، اینڈیور پاکستان، واڈا، نیم، صحت کہانی اور ابھی میڈ ورچوئل پریزنٹیشنز شامل ہیں۔ سنگاپور میں دو پاکستانی ٹیک فائونڈرز میران ملک اور فاطمہ رضوان نے اس موقع پر اپنے فن ٹیک سیڈیفائی اور میٹا اسکول متعارف کرائے۔ آئی ایف سی۔ ورلڈ بینک میں ایس ایم ایز کے صدر قمر سلیم نے شرکاءکو غربت کے خاتمے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، خواتین اور نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے اپنی تنظیم کے کردار کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ریسرچ اینڈ پالیسی ایڈوائزری فرم سٹارٹ اپ جینوم کے مطابق سنگاپور گلوبل سٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں آٹھویں اور ایشیامیں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

اس وقت یونیکارنز کے31 ایک صدر دفاتر سنگاپور میں ہیں جن میں سے نصف سے زیادہ گزشتہ دو سال میں قائم ہوئے ۔ سنگاپور میں 400 ٹیک سٹارٹ اپس اور 200 انکیوبیٹرز ہیں اور یہ مسلسل 10 گلوبل انوویشن انڈیکس میں شامل ہے۔ یہ سورس فنڈنگ کی آسانی کے لیے ٹاپ 15 میں شامل ہے۔

 

بیان کے مطابق سٹارٹ کرنیٹ ورکنگ نائٹ کا انعقاد کاروباری نوجوانوں کے لیے سنگاپور میں اپنے ہم منصبوں سے سیکھنے کے مواقع پیداکرنے کیلئے کیا گیا تھا۔ یہ نومبر 2023 میں سالانہ سنگاپور فنٹیک فیسٹیول کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گا جس کا مقصد اس میگا ایونٹ میں کم از کم 20 پاکستانی فنٹیک اور سٹارٹ اپس کو شامل کرنا ہے تاکہ پاکستانی سٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی جاسکے اور پاکستان کے نوجوان کاروباریوں کے لیے تربیت اور رہنمائی کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔