
اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے یوم دفاع کی اہمیت کو اجاگر اور مادر وطن کی سالمیت اور خود مختاری کے دفاع کیلئے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملکی ترقی کیساتھ ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ہماری مسلح افواج نے تاریک قوتوں اور دہشت گردوں کو شکست سے دو چار کر کے ایک بار پھر اپنی بہادری اور جوانمردی کا لوہا منوایا ہے۔یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے زیر اہتمام یوم دفاع کی مناسبت سے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔استقبالیہ میں دفاعی اتاشیوں،غیر ملکی سفارتکاروں و دولت مشترکہ کے نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔