اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) پاکستان۔اٹلی مشترکہ اکنامک کمیشن کا دوسرا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں ہوا۔ اٹلی کے وفد کی قیادت نائب وزیر برائے اقتصادی ترقی ایوان سکیل فروٹو جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ، اقتصادی امور، شماریات و نجکاری رانا محمد افضل خان نے کی۔ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان موجودہ اقتصادی صورتحال، اصلاحات، ترجیحات اور دوطرفہ ادارہ جاتی و تجارتی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد میں وسیع تر اقتصادی اور تجارتی تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان۔اٹلی مشترکہ اقتصادی کمیشن کا افتتاحی اجلاس 22 تا 23 مارچ 2006ءکو روم میں ہوا تھا۔