پاکستان۔ انڈونیشیا مشترکہ دفاعی تعاون کمیٹی کے اجلاس کا تیسرا دور

47

راولپنڈی۔30مئی (اے پی پی):پاکستان۔ انڈونیشیا مشترکہ دفاعی تعاون کمیٹی کے اجلاس کا تیسرا دور عملی طور پر پاکستان اور انڈونیشیا کے وزارت دفاع کے درمیان پیر کو منعقد ہوا۔

وزار ت دفاع سے جاری بیان کے مطابق ریئر ایڈمرل فیصل امین، ایڈیشنل سیکرٹری، وزارت دفاع اسلامی جمہوریہ پاکستان اور میجر جنرل ڈاکٹر روڈن پیڈراسن، ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک ڈیفنس،وزارت دفاع، جمہوریہ انڈونیشیا نے اجلاس کی صدارت کی۔

ملاقات کے دوران فریقین نے علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور اپنے خطوں میں امن کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے پچھلے راؤنڈ کے ایجنڈا آئٹمز اور موجودہ راؤنڈ کے تازہ ایجنڈا پوائنٹس پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔

دفاعی تعاون اور تربیتی تبادلوں کی موجودہ سطح کو مزید بڑھانے اور جدید ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے نئے شعبوں کا احاطہ کرنے پر باہمی اتفاق کیا گیا۔ اختتامی اجلاس میں پاکستان۔ انڈونیشیا مشترکہ دفاعی تعاون کمیٹی کے اجلاس کا اگلا دور 2023 میں جکارتہ میں بلانے پر باہمی اتفاق کیا گیا۔