اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی) آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7سے 11 فروری تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ میں رچی رچرڈسن میچ ریفری جبکہ نائجل لونگ اور کرس گیفنی آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔تفصیلات کے مطابق جمعے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں رچی رچرڈسن میچ ریفری جبکہ نائجل لونگ اور کرس گیفنی آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں ماریز ایریزمیس ٹی وی امپائر اور شوزب رضا فورتھ امپائر ہوں گے، رچی رچرڈسن دوسری مرتبہ پاکستان آرہے ہیں، وہ اس سے قبل ستمبر2017ء میں آئی سی سی ورلڈالیون ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران بھی میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن بطور کرکٹر 1985ء سے 1996ء کے دوران پاکستان میں 21 ایک روزہ اور 6 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔ کرس گیفنی اور ماریز ایریزمس پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہے ہیں تاہم نائجل لونگ ا س سے قبل بھی پاکستان میں 6 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ نائجل لونگ کا راولپنڈی میں امپائرنگ کا یہ پہلاتجربہ ہوگا وہ اس سے قبل پاکستان کے تین مختلف شہروں کراچی (3)، لاہور(2)اور ملتان (1) میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ نائجل لونگ نے آخری مرتبہ پاکستان میں 2009ء میں سری لنکا سیریز میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔میچ آفیشلز میں نائجل لونگ اور کرس گیفنی (آن فیلڈ امپائرز)، ماریز ایریز مس (تھرڈ امپائر)، شوزب رضا (فورتھ امپائر) اور رچی رچرڈسن (میچ ریفری) شامل ہیں۔