پاکستان ،مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے اولین اسلامی سربراہ کانفرنس کی میزبانی کریگا ، دفتر خارجہ

203
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت 11 اور 12 جنوری 2025 کو "مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع” کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔ کانفرنس کا مقصدمسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں حائل رکاوٹوں اور دستیاب مواقع ، مکالمے کے فروغ اور درپیش چیلنجز کا قابل عمل حل تلاش کر نا ہے۔ یہ کانفرنس اعلیٰ سطحی تبادلہ خیال اور تعاون کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان کے مطابق کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے، جو افتتاحی سیشن میں کلیدی خطاب کے ذریعے لڑکیوں کی تعلیم اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کریں گے۔اس کانفرنس میں 44 مسلم اور دوست ممالک کے وزراء، سفیروں، ماہرین تعلیم اور اسکالرز سمیت 150 سے زائد بین الاقوامی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی ۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو، یونیسیف، اور عالمی بینک سمیت مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان بھی موجود ہوں گے۔

مقررین اور پینلسٹ اپنے کامیاب تجربات شرکاء سے شیئر کریں گے اور تعلیم میں برابری کے فروغ کے لیے جدید طریقے پیش کریں گے۔کانفرنس کے اختتام پر "اسلام آباد اعلامیہ” پربا ضابطہ دستخط کیے جائیں گے، جو مسلم معاشرے کی لڑکیوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے مشترکہ عزم کا خاکہ پیش کرے گا جس سے جامع اور پائیدار تعلیمی اصلاحات کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے لیے روشن مستقبل کی راہ ہموار ہوگی ۔