اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی )کے صدر عاطف اکرام شیخ نے پاکستان ،ورلڈ بینک میں پارٹنر شپ ایگریمنٹ کے حوالہ سے کہا ہے کہ 20ارب ڈالر کا پارٹنرشپ ایگریمنٹ معیشت کیلئے بڑی خوشخبری ہے ۔عاطف اکرام شیخ نے ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو یہ رقم بنیادی ڈھانچے کی تعمیر،تعلیم و صحت جیسے منصوبوں پر خرچ کرنیکی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سمیت عالمی اداروں کے قرض سے جان چھڑانے کیلئے معاشی استحکام ناگزیر ہے ،قرضوں سے جان چھڑانے کیلئے طویل المدتی معاشی پالیسیوں پر سختی سے کاربند رہنا ہوگا ۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی پالیسیوں کی تشکیل ، معاشی استحکام کیلئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کو تیار ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ انڈسٹریز کی بحالی،توانائی شعبے میں اصلاحا ت اور شرح سود میں مزید کمی ناگزیر ہے ،حکومت ملک میں لارج، میڈیم اور سمال سکیل مینوفیکچرنگ پر خصوصی توجہ مرکوز کرے، مقامی سطح پر پروڈکشن بڑھانا اور عالمی مارکیٹ میں نئے گاہک تلاش کرنا وقت کی ضرورت ہے،قرضوں سے نجات کے لئے انڈسٹریلائزیشن اور گرین انقلاب جیسے انیشیٹوز کی طرف جانا ہو گا۔