پاکستان آئل فیلڈ کے منافع میں گزشتہ مالی سال کے دوران 6 فیصد اضافہ

109

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان آئل فیلڈ لمیٹڈ (پی او ایل) کے خالص منافع میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج(پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2020 کے دوران پی او ایل کی خالص آمدنی 14.56 ارب روپے رہی تھی تاہم 30 جون 2021 کو ختم ہونے والے گزشتہ مالی سال 2021 کے لئے کمپنی کا خالص منافع 15.40 ارب روپے تک بڑھ گیا۔

اس طرح مالی سال 2020 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2021 کے دوران پی او ایل کی خالص آمدن میں 0.84 ارب روپے یعنی 5.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی او ایل کی انتظامیہ نے گزشتہ مالی سال 2021 کے لئے 30 روپے فی حصص کے حتمی کیش ڈیوڈنڈ کا بھی اعلان کیا ہے جو قبل ازیں ادا کئے گئے 20 روپے فی حصص کے وسط مدتی کیش ڈیوڈنڈ کے علاوہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020 کے دوران پی او ایل کو 51.23 روپے فی حصص آمدن ہوئی تھی لیکن مالی سال 2021 کے لئے کمپنی کی فی حصص آمدنی 54.24 روپے تک بڑھ گئی۔