26 C
Islamabad
اتوار, مارچ 9, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان آئینی دفعات ، بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق خواتین کے حقوق...

پاکستان آئینی دفعات ، بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا عالمی یوم نسواں پر پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان آئینی دفعات ، بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، خواتین کو بااختیار بنانا ہماری قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، خواتین کو مساوی حقوق ، مواقع دینے والے معاشرے زیادہ خوشحال، پرامن اور پائیدار ہوتے ہیں، ہمیں ایک ہمہ جہت اور مساوات پر مبنی معاشرہ تشکیل دینا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم نسواں پر اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی استقامت ، معاشرتی تشکیل و ترقی میں کردار کے اعتراف کیلئے عالمی یوم نسواں منارہے ہیں، اس سال کے عالمی یوم نسواں کا عنوان ہر خاتون کے حقوق اور مواقع تک مساوی رسائی یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا تقریباً نصف حصہ ہیں، خواتین کو بااختیار بنانا ہماری قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، خواتین کو مساوی حقوق ، مواقع دینے والے معاشرے زیادہ خوشحال، پرامن اور پائیدار ہوتے ہیں۔

- Advertisement -

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، معاشی مواقع اور قائدانہ کردار تک رسائی دینا پوری قوم کیلئے سودمند ہے، بہت سی خواتین کو اب بھی تشدد، امتیازی سلوک اور ان کی بھرپور معاشرتی شمولیت میں رکاوٹوں کا سامنا ہے، ہمیں ایک ہمہ جہت اور مساوات پر مبنی معاشرہ تشکیل دینا ہے، خواتین کے تحفظ، تعلیم اور معاشی آزادی کیلئے پالیسیاں بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کاروباری اور نجی شعبے کو خواتین کیلئے مساوی مواقع، منصفانہ اجرت اور کام کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنا چاہیے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان آئینی دفعات ، بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، گزشتہ کچھ سالوں میں ہم نے گھریلو تشدد، کام کی جگہ پر ہراسانی اور صنفی امتیاز کے خلاف قوانین کے نفاذ سمیت کلیدی اقدامات کئے ، صنفی بنیاد پر تشدد سے بچ جانے والوں کے لیے خصوصی عدالتوں اور ہیلپ لائنز کے قیام سے خواتین کے تحفظ میں مدد ملی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے سیاست، عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے اور دیگر سرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے اقدامات کیے ہیں، خواتین کی مالیاتی شمولیت، کاروبار ی سرگرمیوں اور ڈیجیٹل خواندگی کے فروغ کے لیے معاشی اقدامات لیے گئے۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ آئیے ، اس عالمی یوم نسواں پر ہر خاتون کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کریں ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570146

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں